Friday, 30 June 2017

میرے بچوں کے ساتھ مناسب سلوک کیا جائے، شاہ رخ کی میڈیا کو تنبیہ


ممبئی: 
بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان نے بھارتی میڈیا کو تنبیہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوامی مقامات پران کے بچوں کے ساتھ مناسب رویہ اختیار کیا جائے۔

کروڑوں دلوں پر راج کرنے والے بالی ووڈ کے بادشاہ شاہ رخ خان کے مداح پوری دنیا میں پائے جاتے ہیں جو اپنے پسندیدہ اسٹار کی ایک جھلک دیکھنے کیلئے گھنٹوں قطار میں کھڑے رہتے ہیں بہترین اداکار ہونے کے ساتھ شاہ رخ محبت کرنے والے باپ بھی ہیں جو اپنے بچوں کو بے انتہا چاہتے ہیں اور ہر وقت ان کے بارے میں فکر مند رہتے ہیں  اور انہیں کسی مشکل یا پریشانی میں دیکھ کر تڑپ اٹھتے ہیں، حال ہی میں ایک پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے میڈیا سے درخواست کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوامی مقامات پر میرے بچوں کے ساتھ مناسب سلوک کیا جائے اور ان کی زیادہ تصاویر نہ لی جائیں کیونکہ میڈیا کے اس عمل سے وہ پریشان ہوجاتے ہیں۔
واضح رہے کہ بالی ووڈ کا کنگ ہونے کی وجہ سے شاہ رخ کے بچوں کو بھی کسی اسٹار کی طرح ہی ٹریٹ کیا جاتا ہے، عوامی مقامات پر میڈیا نمائندے ان سے بالکل ویسا ہی رویہ اختیارکرتے ہیں جیسا کسی سپر اسٹار کے ساتھ کیا جاتا ہے اور بنا اجازت ان کی تصاویر لینا شروع کردیتے ہیں۔
حال ہی میں شاہ رخ خان کی بیٹی سہانا خان کی ایک ویڈیو منظرعام پرآتے ہی سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی جس میں وہ لفٹ کا انتظار کرتی ہوئی نظر آرہی ہیں جبکہ میڈیا نمائندے مسلسل ان کی تصاویر کھینچے جارہے ہیں صحافیوں کے اس عمل سے سہانا پریشان ہوکر ادھرادھر گھومنا شروع کردیتی ہیں، لہٰذا شاہ رخ خان نے میڈیا سے درخواست کرتے ہوئے کہا ہے کہ میرے بچوں کی تصاویر کھینچ کر انہیں عوامی مقامات پرعجیب صورتحال سے دوچار نہ کریں۔
خیال رہے کہ شاہ رخ خان ان دنوں امتیاز علی کی فلم ’’جب ہیری میٹ سیجل‘‘ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں جس میں ان کے ساتھ اداکارہ انوشکا شرما مرکزی کردار میں نظر آئیں گی۔

No comments:

Post a Comment