ممبئی:
بالی ووڈ کے بادشاہ شاہ رخ خان نے اپنی زندگی پر بننے والی فلم کو ’’بورنگ‘‘ قرار دیتے ہوئے کہاہے کہ دوسرے اداکاروں کی طرح میری زندگی دلچسپ اور متنازع نہیں ہے اس لئے لوگوں کو اس میں کوئی دلچسپی نہیں ہو گی۔
شاہ رخ خان کا شمار بالی ووڈ کے صف اول کے اداکاروں میں ہوتا ہے اور بہترین اداکار ہونے کے ساتھ وہ انتہائی دلچسپ شخصیت کے مالک بھی ہیں، انہوں نے بالی ووڈ کا ’’کنگ‘‘ بننے کیلئے بے تحاشہ محنت کی ہے، فلموں کے بادشاہ کی زندگی بھی حقیقت میں ایک فلم ہی ہے جس میں کئی ڈرامائی موڑ ہیں لیکن انہوں نے اپنی زندگی کو ’’بورنگ‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ لوگوں کو اس میں بالکل بھی دلچسپی محسوس نہیں ہو گی۔
اس خبرکوبھی پڑھیں: میرے بچوں سے مناسب سلوک کیا جائے ، شاہ رخ کی میڈیا کو تنبیہ
بھارتی میڈیا کے مطابق بالی ووڈ میں ان دنوں معروف شخصیات کی سوانح حیات پر کتاب لکھنے یا ان کی زندگیوں پر فلمیں بنانے کا رجحان تیزی سے پروان چڑھ رہا ہے، بالی ووڈ میں اب تک مشہور شخصیات کی زندگیوں پر کئی فلمیں بنی ہیں جن میں ایم ایس دھونی، اظہرالدین، سچن ٹنڈولکر، ملکھا سنگھ اور سنجے دت شامل ہیں لیکن شاہ رخ خان نے اپنی سوانح حیات پر فلم بنانے کے حوالے سے کہا ہے کہ میری زندگی دوسرے اداکاروں کی طرح دلچسپ ہے اور نہ ہی متنازع، لہٰذا میری زندگی پر بنائی جانے والی فلم نہایت بورنگ ہو گی اور لوگوں کو اسے دیکھنے میں بالکل بھی مزہ نہیں آئے گا۔ ساتھ ہی سپر اسٹار نے کہا کہ کچھ لوگ مجھے جاننے کا دعویٰ کرتے ہیں اور سمجھتے ہیں کہ میری زندگی ایک کھلی کتاب ہے لیکن یہ سچ نہیں ہے، میری زندگی کے بہت سے ایسے واقعات ہیں جن کے بارے میں صرف مجھے معلوم ہے؛ لہٰذا اگر میں خود اپنی زندگی کو کاغذ پر اتاروں تو یہ واقعی دلچسپ ہو جائے گی، لیکن فی الحال میرا ایسا کوئی ارادہ نہیں۔
اس خبرکوبھی پڑھیں: شاہ رخ خان کے گھر ’’منت ‘‘ کا مالک کون؟
واضح رہے کہ شاہ رخ خان کو فلم انڈسٹری میں شامل ہوئے پورے 25 برس ہو گئے ہیں، انہوں نے اپنے کرئیر کا آغاز 1992 میں فلم ’’دیوانہ‘‘ سے کیا اور اپنی پہلی ہی فلم سے شہرت حاصل کرنے والے کنگ خان اب تک 80 سے زائد فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھا چکے ہیں۔ شاہ رخ خان کا شمار بالی ووڈ کے سب سے مہنگے اور سب سے زیادہ ایوارڈز وصول کرنے والے اداکاروں میں بھی ہوتا ہے، انہوں نے 14 فلم فیئراور پدماشیری ایوارڈ کے علاوہ بھی متعدد ایوارڈز اپنے نام کیے ہیں۔
No comments:
Post a Comment