ممبئی: بالی وڈ اداکار رنبیر کپور نے اداکار کترینا کیف سے علیحدگی کی وجہ ان کے منفی رویے کو قرار دے دیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بالی ووڈ کے چاکلیٹی ہیرو رنبیر کپور نے اپنی سابقہ دوست کترینہ کیف کے ساتھ تعلقات ختم کرنے وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ میں اپنی زندگی میں مزید منفی رویہ برداشت نہیں کرسکتا تھا لہٰذا اس رشتے کو ختم کرنے میں ہی عافیت جانی۔
اداکار رنبیر کپور اور کترینہ کیف نے طویل قربت کے بعد اچانک ایک دوسرے سے کنارہ کشی اختیار کرلی تھی، دونوں اداکاروں کے درمیان حالات اتنے کشیدہ ہو گئے تھے کہ انہوں نے ایک دوسرے کے ساتھ کام کرنے سے بھی صاف انکار کر دیا تھا لیکن اب دونوں طویل عرصے بعد فلم "جگا جاسوس" کی تشہیری مہم کے سلسلے میں ایک بار پھر ساتھ ساتھ نظر آ رہے ہیں۔
اس موقع سے فائدہ اٹھا کر میڈیا نے رنبیر سے ان کے تلخ ماضی کے بارے میں سوالات پوچھتے ہوئے کترینہ کے ساتھ علیحدگی کی وجوہات جاننے کی کوشش کی، پہلے تو رنبیر نے میڈیا کے سوالات کو نظر انداز کیا، پھر انہوں نے اس معاملے پر خاموشی توڑتے ہوئے کہا کہ میرے اور کترینہ کے درمیان معاملات اس حد تک خراب ہو چکے تھے کہ میں نے فیصلہ کرلیا تھا کہ اب اس رشتے کو مزید آگے نہیں بڑھانا۔
رنبیر نے کہا کہ میں اپنی زندگی میں مزید منفی رویہ برداشت نہیں کرسکتا تھا اس لئے یہ رشتہ ختم کرنے میں ہی عافیت جانی تاہم کسی کے ساتھ تعلق قائم کرنا یا علیحدگی اختیار کرنا زندگی کا حصہ ہے اور ہمیں اسی کے ساتھ جینا ہے، مجھے نہیں معلوم ہماری علیحدگی کے بارے میں میڈیا پر کیا لکھا گیا اورمیں جاننا بھی نہیں چاہتا۔
واضح رہے کہ ہدایت کار انوراگ باسو کی فلم "جگا جاسوس" میں رنبیر کپور اور کترینہ کیف مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں تاہم یہ فلم دونوں اداکاروں کی ایک ساتھ آخری فلم ہو سکتی ہے کیونکہ ایک انٹرویو کے دوران کترینہ نے رنبیر کے ساتھ مزید کام کرنے سے صاف انکار کر دیا تھا۔
No comments:
Post a Comment